• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

دوسرے ٹی20 میں فخر، رضوان کی جارحانہ بیٹنگ، آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست

شائع May 12, 2024
رضوان نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
رضوان نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے فخر زمان اور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ میں ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور 45 منٹ تاخیر کے بعد ٹاس کیا گیا۔

ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز پال اسٹرلنگ اور اینڈی بلبرنی نے ٹیم کو 29 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چوتھے اوور کی دوسری گیند پر شاہین نے آئرش کپتان اسٹرلنگ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی میزبان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو گیندوں بعد شاہین نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے گزشتہ میچ کے ہیرو بلبرنی کی اننگز کے آگے 16 رنز پر فل اسٹاپ لگا دیا۔

اس کے بعد لورکان ٹکر اور ہیری ٹیکٹر کی جوڑی یکجا ہوئی اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 62 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

ہیری ٹیکٹر نے 32 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عباس آفریدی نے شاہین کی مدد سے ٹیکٹر کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے لورکان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور کرٹس کیمفر کے ساتھ مل کر اسکور کو 137 تک پہنچا دیا لیکن عامر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر کیمفر کا کام تمام کردیا۔

جیارج ڈوکریل نے 15 جبکہ لورکان نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی باریاں کھیلیں۔

اختتامی اوورز میں گیرتھ ڈیلینی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 گیندوں پر دو چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 193 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین نے تین، عباس آفریدی نے دو جبکہ عامر اور نسیم نے ایک، ایک وکٹیں اپنے نام لیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو صائم ایوب نے چھکا مار کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن محض تیسری ہی گیند پر وہ پویلین لوٹ گئے۔

ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پاکستان کو ایک بڑا دھچکا لگا جب کپتان بابر اعظم بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور 77 گیندوں پر 140 رنز کی ساجھے داری بنا کر پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

فخر زمان نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے لیکن 153 کے مجموعے پر بین وائٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

دوسرے اینڈ سے رضوان نے بھی بہترین کھیل پیش کیا جبکہ نئے آنے والے بلے باز اعظم نے وکٹ پر آتے ہی 10 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بٹور کر پاکستان کو 19 گیندوں قبل ہی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

رضوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، عباس آفریدی اور نسیم شاہ۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024