ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی کی بنیادی رکنیت بحال
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے سابق رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کی بنیادی رکنیت بحال کردی۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق تحقیقات کے بعد کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ میڈیا پر نشر ہونے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایک من گھڑت کہانی کو حقیقت بنا کر بنا تصدیق نشر کیا گیا، جس سے نہ صرف سابق رکن سندھ اسمبلی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی بلکہ ایم کیو ایم کی سیاسی ساکھ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس پر ایم کیو ایم پاکستان قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں سامنے آیا کہ جس اسکول کو امتحانی سینٹر بتایا جارہا تھا وہ سینٹر تھا ہی نہیں اور معاملہ نقل کروانے کے بجائے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ پر ہونے والے تنازع کا تھا جسے دونوں فریقین نے پولیس اسٹیشن میں باہمی رضامندی سے حل کرلیا تھا۔
ترجمان ایم کیو ایم نے درخواست بھی کی ہے کہ بغیر تحقیق غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت و نشریات سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے خاتون ٹیچر سے مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی صداقت حسین کی تنظیم کی بنیادی رکنیت معطل کردی تھی۔