باجوڑ میں بم دھماکہ، حکومت نواز ملیشیا کے دو ارکان ہلاک
کھر: افغان سرحد کے قریب پاکستان کے قبائلی علاقے میں ہفتے کے روز حکومت نواز ملیشیا کے دو ارکان اس وقت ہلاک ہوگئے جب آثار قدیمہ تلاش کرنے کے لیے کھدائی جاری تھی۔
واقعہ باجوڑ ایجنسی کے علاقے درہ میں پیش آیا جو کہ ایجنسی کے مرکزی ٹاؤن کھر سے تقریباً 30 کلو میٹر دور ہے۔
مقامی سینئر افسر سردار یوسف نے کہا 'تقریباً ایک درجن کے قریب مقامی امن کمیٹی کے ارکان کھدائی پر معمور تھے کہ ایک ریموٹ کنٹرول بم پھٹ پڑا جس سے دو ارکان ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے'۔
ایک اور مقامی افسر اسد سرور نے بھی واقعہ اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
ہلاک شدگان کا تعلق سالار زئی امن کمیٹی سے تھا جو کہ طالبان اور حکومت مخالف عناصر کے خلاف ریاست کی مدد کرتی ہے۔
پاکستان کئی سالوں سے طالبان عسکریت پسندوں سے جنگ لڑ رہا ہے جنہوں نے افغانستان کے ملحقہ علاقوں کا اپنا گڑھ بنا لیا ہے۔
واشنگٹن کا ماننا ہے کہ قبائلی علاقے طالبان اور القاعدہ عسکریت پسندوں کا گڑھ بن چکے ہیں اور وہاں سے مغرب اور افغانستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔