• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کا ثبوت ہے، وزیر اعظم

شائع May 2, 2024
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لیے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خور و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے، 16 ماہ میں جو محنت کی نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں، مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خور و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

قبل ازیں ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق پاکستان بھر میں اپریل کے دوران مہنگائی کی شرح 17.34 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2024 کے مقابلے اپریل میں مہنگائی 0.43 فیصد کم ہوئی، اپریل میں مہنگائی کم ہوکر 17.34 فیصد رہی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024