• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

بلوچستان: دکی میں بارودی سرنگ کے 2 دھماکے، ایک شخص جاں بحق، 20 زخمی

شائع May 2, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع دکی میں بارودی سرنگ کے 2 دھماکے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے 2 اہلکار سمیت 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس ایچ او دکی جلیل احمد مری نے بتایا کہ ٹھیکیدار ندی میں کوئلے سے لوڈ ٹرک بارودی سرنگ دھماکے کے زد میں آنے سے دھماکا ہوگیا، جس کی وجہ سے ٹرک کو نقصان پہنچا تاہم سوار افراد محفوظ رہے۔

ایس ایچ او دکی جلیل احمد مری کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد لوگ موقع پر جمع ہوگئے، اس ہی دوران دوسرا بارودی سرنگ بھی دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود ایک نوجوان جاں بحق جبکہ سی ٹی ڈی کے دو سب انسپکٹر سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او دکی جلیل احمد مری نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ دوسرے دھماکے سے جاں بحق ہونے والے 15 سالہ نوجوان کی شناخت جہانگیرکے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی ہونے والوں میں سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر محمد رحیم اور سب انسپکٹر شفاع محمد بھی شامل ہیں۔

مزید کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد قریبی کوئلہ کان میں مزدور ہیں، دھماکے کے بعد زخمیوں کو سول ہسپتال دکی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ لورالائی اور سول ہسپتال لورالائی منتقل کر دیا گیا۔

پہلے دھماکے کا شکار ٹرک ڈرائیور اللہ ودیا کے مطابق ہم سب اسی راستے سے کول مائنز گئے واپسی پر یہاں پہنچنے پر دھماکا ہوا، وقوعہ کے قریب زندہ پیر کے مقام پر گزشتہ روز مسلح افراد نے ایف سی کے گاڑی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند سالوں کے دوران دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں قائم پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز نامی ایک تنظیم کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اپریل کے دوران ملک میں دہشتگردی کے تقریباً 77 حملوں کی تصدیق ہوئی، ان حملوں میں 70 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 35 عام شہری اور 31 سیکورٹی فورس کے ارکان شامل تھے، اس کے علاوہ ان واقعات کے دوران 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

اس دوران 67 افراد زخمی ہوئے جن میں 32 عام شہری اور 35 سیکیورٹی اہلکار تھے۔

اس کے مقابلے میں مارچ میں دہشت گردی کے 56 حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 77 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوئے، مارچ کے مقابلے اپریل میں دہشت گردوں کے حملوں کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ہوا اور ہلاکتوں میں 9 فیصد کمی آئی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024