• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مریم نواز کا شادی کی تقریب میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

شائع April 30, 2024
—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شادی کی تقریب میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کاحکم دے دیا۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں نوازشریف کسان کارڈ کے اجرا کی اصولی منظوری بھی دی گئی جبکہ گندم کےچھوٹے کاشتکارکو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آڑھتی اور دیگر مڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے، میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کے لیے روٹی سستی ہو۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لیے 10ارب سیڈ منی دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لیے تیار ہے جبکہ مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کی لانچنگ کی جائے گی۔

صوبائی کابینہ نے پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری بھی دی، اسی طرح انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کوچارج دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں گاڑی کے لیے پلاٹنم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10 لاکھ روپے مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا، اسی طرح پرسنلائزڈ / وینٹی نمبرپلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لیے افسرکی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ایکٹ 2003 کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل، ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن، ڈی جی ایچ ایس پنجاب، لاہورمیں کنٹریکٹ تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح محکمہ توانائی کے ری کنسیلی ایشن سیل کے 14ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں 3 نئے سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے اور 4 سیمنٹ پلانٹس کی توسیع کرنے کے لیے این او سی کی اصولی منظوری دی گئی۔

وزیراعلی پنجاب نے آبی ضروریات پوری کرنے کے لیے کی مہاجر برانچ کینال کی ری ماڈلنگ کی ہدایت کر دی، مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جو انڈسٹری اور سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اسے روکنا نہیں چاہئے۔

اسموگ کے سدباب کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی گئی، اسی طرح تعلیم کا معیار اور رسائی پروجیکٹ کے مجوزہ نتائج کے حوالے سے مذاکرات کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024