• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پنجاب اور کشمیر میں تیز بارش، بالائی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری

شائع April 29, 2024
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے صوبے پنجاب اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی مقامات پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب کے مختلف حصوں میں بادلوں کا راج ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، مری، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اطراف کے علاقوں میں بارش سے جاتی سردی لوٹنے لگی۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، وادی نیلم میں بارش اور بالائی مقامات پر برفباری جاری ہے، بالائی علاقوں میں ایک سے 3 انچ سے زائد برف پڑچکی ہے اور وادی نیلم، جہلم ویلی کا لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

ضلع نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی، وادی نیلم میں برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہیں، انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس کے علاوہ استور کے میدانی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش اور لینڈسلائیڈنگ سے نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

گلگت بلتستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارشوں سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگئی، شاہراہ قراقرم کی بندش سے مسافر اور سیاح پھنس کر رہ گئے، مانسہرہ کے بالاکوٹ اور وادی کاغان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، وادی کاغان میں وقفے وقفے سے جاری برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا، مسلسل بارشوں سے مانسہرہ کے ندی نالوں میں طغیانی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان سے بارش کے بادل کوچ کرگئے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ چند ایک مقامات پر تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے کراچی والوں کو بھی سخت موسم کی وعید سنادی، کراچی میں اگلے 4 سے 5 روز تک درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، شہر قائد اور اطراف میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024