کراچی: لانڈھی میں غیر ملکیوں پر حملے کے مقدمات انسداد دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ درج
کراچی میں سی ٹی ڈی آپریشن نے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات سمیت درج کرلیے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مقدمات ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں درج کیے ہیں۔
پہلا مقدمہ خودکش حملے، دوسرا مقدمہ دستی بم کی برآمدگی اور تیسرا مقدمہ دہشت گردوں سے برآمد جدید اسلحے کا درج کیا گیا ہے۔
خودکش حملے کے درج کیے گئے مقدمے کے مطابق صبح 6 بجکر 50 منٹ پر گشت کے دوران زوردار دھماکا سنا تو فوری طور پر دھماکے کے مقام کا تعین کرکے قریب پہنچا۔
متن میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد فائرنگ بھی کی گئی جبکہ پولیس اور نجی سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے دہشت گرد مارا گیا۔
ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے کی گئی ہے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 19 اپریل کی صبح 7 بجے کے قریب لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی کے قریب 5 غیر ملکی افراد ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک خودکش دھماکا ہوا تھا۔
ڈی آئی جی شرقی کیپٹن (ر) اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے میں پانچوں جاپانی محفوظ رہے، تاہم ان کے ساتھ موجود ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، خودکش دھماکے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ گاڑی کے پیچھے ایک اور خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا جو پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
پولیس مقابلے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا، واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔