• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ٹانک: سیشن جج کے اغوا کیس کی انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم

شائع April 28, 2024

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکراللہ مروت کے اغوا سے متعلق خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جج مبینہ اغوا کیس سے متعلق بنائی گئی پولیس کی خصوصی کمیٹی میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہوں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جج کی بازیابی کے لئے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کررہی ہے، جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے پر کام جاری ہے، ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ نے سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کے مبینہ اغواء کا نوٹس لے لیاہے ، عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کو طلب کرکے بازیابی کےلئے ٹھوس اقدامات کا حکم جاری کیا۔

سیشن جج کے مبینہ اغوا پر رجسٹرار پشاورہائیکورٹ کی جانب سے تیارکردہ نوٹ پر پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور دو سینئر ججز جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے متعلقہ حکام کو طلب کیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کو طلب کرنے پر پیش ہوئے، اے سی ایس ہوم عابد مجید نے بتایا کہ سیشن جج کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کے مطابق سیشن جج کے مبینہ اغواءکے بعد تمام امور کو وہ خود مانیٹرکر رہے ہیں۔

جج کے اغوا کا واقعہ کب پیش آیا؟

یاد رہے کہ 27 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکراللہ مروت کو اغوا کرلیا گیا تھا

خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا تھا کہ سیشن جج شاکر اللہ مروت ٹانک سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جارہے تھے کہ مسلح افراد نے ڈیرہ روڈ بھگوال سے انہیں اغوا کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق جاتے ہوئے نامعلوم مسلح اغواکاروں نے سیشن جج کے ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاحال سیشن جج کو بازیاب کرانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024