9 مئی کیس: عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر وکلا کے دلائل طلب
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی، انہوں نے آئندہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو طلب کیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔
واضھ رہے کہ عمران خان پر جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔