کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کےجھٹکے محسوس کیے ہیں۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ضلع ملیر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع ملیر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں گڈاپ اور بحریہ ٹاؤن میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، مقامی وقت کے مطابق زلزلہ رات 8 بج کر 50 منٹ پر محسوس کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی اور اس کا مرکز شہر کا ضلع ملیر تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے باعث اب تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔