• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: عمران خان کی بہنوں، عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع

شائع April 20, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمی خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع کردی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر علیمہ خان، عظمی خان، عمر ایوب، مسرت چیمہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے نئے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا اور عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع کردی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ 8 فروری کو لوگ ظلم کے خلاف نکلے، ویسے ہی 21 اپریل کو نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ وکلا سارے نکلیں اور فارم 45 کی حفاظت کریں۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ وکلا فارم 47 بھی بغیر دھاندلی کےحاصل کریں۔

پسِ منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024