• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مغربی ہواؤں کے زیر اثر 17 اپریل کی رات سے کراچی میں گرج، چمک کے ساتھ بارش کا امکان

شائع April 16, 2024
17 اپریل کی رات سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
17 اپریل کی رات سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات سے جنوب مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر 17 اپریل کی رات سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری تازہ ترین ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج رات سے ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوب مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر 18 اپریل کو جامشورو، دادو، نوشہرہ فیروز، حید آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میرپورخاص، عمر کوٹ اضلاع میں بارش ہوگی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس سسٹم کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں 17 اپریل کی رات اور 18 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں 18 سے 21 اپریل تک طوفانی بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، لایئو اسٹاک، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اج جاری بیان میں بتایا کہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور نشیبی علاقوں میں بسنے والوں کو اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہو گا جبکہ دریائوں اور ندی نالوں کے کناروں پر بسنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بہائو کو ممکن بنا کر جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب نے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں، کوتاہی یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں ہو گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیح ہے تاہم احتیاطی تدابیر اپنا کر طوفانی بارشوں میں نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو آئندہ موسمی صورتحال بارے آگاہی بھی دی گئی ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے عوام کیلئے موجود ہے۔

اس میں کہا گیا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 پر رابطہ کریں۔

ادھر کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں کے راستے میں رکاوٹوں کو فی الفور ہٹایا جائے اور ریسکیو ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

ریلیف کمشنر نے کہا ہے کہ تمام ادارے مل کر باہمی تعاون سے ہی قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں دیر، سوات،کوہستان، ایبٹ آباد میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز مہنمد ایجنسی میں 200، لنڈی کوتل اور سیدو شریف میں 86، تیمرگرہ 83 ،دیر 75، پشاور میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ چترال میں 8 اور مالم جبہ میں 3 انچ برف باری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری، سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری اور تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں درجہ حرارت 29 اور گوادر میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024