سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والا شخص مطلوب گینگسٹر ہے، بھارتی میڈیا
بولی وڈ سٗپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ باندرہ کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص مطلوب گینگسٹر ہے۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز صبح 4 بجکر 51 منٹ پر موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے اداکار کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
ممبئی پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت سلمان خان اپنے گھر پر موجود تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لارنس بشنوئی گینگ اور مطلوب گینگسٹر گولڈی برار نے کئی بار سلمان خان کو قتل کرنے کا اعلان کیا تھا، بھارت کے ذرائع کے مطابق لارنس بشنوئی اور گولڈی برار نے اداکار کو قتل کرنے کے لیے اپنے شوٹرز ممبئی بھیجے تھے۔
گزشتہ سال مارچ اور نومبر میں سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، اس کے بعد سے ممبئی پولیس نے اداکار کے گھر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔
لارنس بشنوئی فی الحال منشیات اسمگلنگ کیس میں جیل میں ہے اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ سلمان خان کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزم کی موٹر سائیکل چوری ہو سکتی ہے اور وہ موٹر سائیکل کے مالک کی تفصیلات تلاش کر رہی ہے۔
دونوں ملزمان بائیک چھوڑ کر آٹو یا کسی دوسری گاڑی سے باندرہ ریلوے اسٹیشن چلے گئے، پولیس ذرائع نے بتایا کہ وہاں سے دونوں ملزمان نے لوکل ٹرین پر سفر کیا اور فرار ہوگئے، پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان ممبئی سے باہر چلے گئے ہیں، لیکن اب تک ان کے اصل مقام کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے چند گھنٹے بعد جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں واقعے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ یہ صرف ایک ’ٹریلر‘ تھا۔