عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی واپس بنی گالا روانہ
سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی عید الفطر کے موقع پر عمران خان سے ملاقات کے بعد واپس بنی گالا روانہ ہو گئیں۔
بشریٰ بی بی کو آج عید کے موقع پر عمران خان سے ملاقات کے لیے سخت سیکیورٹی میں بنی گالا سے اڈیالہ جیل پہنچایا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق بشریٰ بی بی کی آمد پر سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے سامنے سڑک کی ایک جانب کو ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے درمیان اڈیالہ جیل میں ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد بشریٰ بی واپس بنی گالا روانہ ہو گئیں۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل کے دروازے کے قریب ویڈیو بنانے پر پولیس نے پانچ پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
اس سے قبل عمران خان کی اہلیہ کی اڈیالہ جیل آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئی تھی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر سیمابیہ طاہر کی قیادت میں بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے اڈیالہ جیل جانے والی سڑک بلاک کردی جس پر پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو جیل کے مرکزی دروازے کی جانب جانے سے روک دیا۔
مظاہرین کی جانب سے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ تاہم جیل کالونی گیٹ کی طرف سے آگے آنے کی اجازت نہ ملنے پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔