• KHI: Maghrib 6:05pm Isha 7:25pm
  • LHR: Maghrib 5:22pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:23pm Isha 6:50pm
  • KHI: Maghrib 6:05pm Isha 7:25pm
  • LHR: Maghrib 5:22pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:23pm Isha 6:50pm

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

شائع April 10, 2024 اپ ڈیٹ April 11, 2024
عیدالفطر کے موقع پر بزرگ شہری ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
عیدالفطر کے موقع پر بزرگ شہری ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اور عید کے پہلے دن لوگوں نے اپنے پیاروں کے ساتھ عید ملنے میں گزاری۔

نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا اجتماع ہوا، گورنرسندھ اور میئرکراچی سمیت اہم شخصیات کی شرکت، فیصل مسجد اسلام آبادمیں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے نماز عید پڑھائی جبکہ لاہور کی بادشاہی مسجد میں مولانا ابوالخبیر آزاد نے نماز عید کی امامت کی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا کہ وہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے کے ضرورت مند اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر معاشرے کے محروم طبقات کو خوشیوں میں شامل کرنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ روزمرہ زندگی میں ہمیں برداشت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مضبوط اور متحد قوم بننے کی کوشش کرنی چاہیے، سماجی معاشی انصاف اور مشترکہ اتحاد کو یقینی بنانا چاہیے۔

آصف علی زرداری نے پاکستانی قوم کی طرف سے غزہ اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں عالمی برادری پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ میں فوری امن اور فلسطینیوں کے لئے امدادکی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔

وزیراعظم نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی،نماز کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم لوگوں سے عید ملے۔

—فوٹو: وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں
—فوٹو: وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کے لیے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجودمعاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں کہا تھا کہ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں اللہ رب العزت کی خوشنودی کے لیے عبادات کی ادائیگی اور پورا مہینہ صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے شمار برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے کے بعد عید اللہ تعالیٰ کا اپنے مومنین کے لیے تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کے لیے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، عید معاشرے میں اپنے معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو انکی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں اپنی پوری قوم سے یہ اپیل کرونگا کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شامل کریں جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہا تھا کہ عید کے اس موقع پر ہم مٹی کے اُن بیٹوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کر تے ہیں جنہوں نے اس ملک کے امن و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس موقع پر اپنے ان بہادر سپوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہر قسم کے جغرافیائی و موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر خوشی کے اس موقع پر اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت، ملکی امن و امان اور دنیا بھر میں امن مشنز میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، وطن کے یہ بہادر بیٹے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مجھ سمیت پوری قوم کے احترام اور عقیدت کے جذبات ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے تمام شہریوں کو عید کی دلی مبارکباد دی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک پیغام میں کہا گیا تھا کہ ایک سپاہی کے لیے حقیقی معنوں میں عید اپنے پیاروں اوراس تہوار کی خوشیوں سے دوررہتے ہوئے وطن عزیز کی سرحدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے قوم کی حفاظت پر فخر میں مضمر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جنوری 2025
کارٹون : 15 جنوری 2025