پاکستان میں غذائی عدم تحفظ میں اضافہ، تعلیم و صحت کی خدمات تک فراہمی میں کمی ہوئی، عالمی بینک
عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں غذائی عدم تحفظ میں اضافہ جبکہ تعلیم اور صحت کی خدمات تک فراہمی میں کمی ہوئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ نے بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹیشن لاگت کے باعث اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سفری لاگت میں اضافے سے علاج معالجے تک رسائی تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نقل وحمل کی لاگت میں اضافے سے اسکول، صحت مراکز، مارکیٹ تک رسائی کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ عالمی بینک نے پاکستان کواخراجات زندگی کے مسلسل بحران سے دو چار ملک بھی قرار دے دیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان کے 43 دیہی اضلاع میں شدید غذائی عدم تحفظ بڑھنےکا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں غذائی مہنگائی زیادہ ہے، غریب گھرانوں کا 50 فیصد بجٹ خوراک پرخرچ ہوجاتا ہے۔
اس کے مطابق شدید غذائی عدم تحفظ 29 فیصد سے بڑھ کر 32 فیصد پرپہنچنےکا تخمینہ ہے، غذائی مہنگائی غریب اور نادر گھرانوں پر زیادہ اثر انداز ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ 2 اپریل 2024 کو عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہسین نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو سخت فیصلوں کی ضرورت ہے جس سے مستحکم گروتھ ملے گی۔
ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے ضروری ہے اور امید ہے اس سے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔