• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

چلاس: لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی کی نماز جنازہ ادا

شائع April 7, 2024
—فائل فوٹو: ٹورسٹ پولیس گلگت
—فائل فوٹو: ٹورسٹ پولیس گلگت

گلگت بلتستان کے شہر چلاس کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر شہید ہونے والے نائب صوبیدار خالد نصیر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا ہے کہ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی، شہید کا جسد خاکی آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہید خالد نصیر کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے ایک سپاہی نے چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ آپریشن کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر لیا تھا جبکہ 2 دیگر فوجی شدید زخمی ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 اپریل کو چلاس میں گونر فارم کے قریب لینڈ سلائیڈنگ نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹریفک اور وہاں پر پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا 3 رکنی دستہ نائب صوبیدار کی سربراہی میں جائے وقوعہ پر پہنچا اور کلیئرنس کا کام شروع کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ اس عمل کے دوران ایک اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے دستہ شدید زخمی ہوگیا، بعد ازاں نائب صوبیدار خالد زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شہید ہوگئے، اس میں مزید کہا گیا کہ سپاہی وسیم اور لانس نائیک عظمت کا علاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق قوم ان سپاہیوں کی خدمت اور لوگوں کی مدد کی لگن پر ان کی شکر گزار ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر قوم کی خدمت کے لیے پر عزم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024