• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میرے شوہر ٹائیکون ہیں نہ 66 برس کے، ماہرہ خان نے افواہوں کی تردید کردی

شائع March 27, 2024
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی دوسری شادی اور شوہر سلیم کریم سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر نہ ٹائیکون ہیں اور 66 برس ہیں، رخصتی کے وقت ویٹر اور گانا بجانے والے انگریز ڈی جے سے لے کر ہر کوئی آبدیدہ تھا۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں آمنہ حیدر کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنی شادی سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کی۔

ماہرہ خان کی شادی پر ان کی چند خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جسے بھارت اور پاکستانی مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا بھی گیا تھا۔

انٹرویو کے شروع میں ان تصاویر پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنے شوہر سلیم کے ساتھ نکاح سے پہلے شادی کا فوٹوشوٹ نہیں کروانا چاہتی تھیں۔

پہلی بار اپنی شادی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ’عام طور پر شادیوں میں جوڑے کا فوٹوشوٹ نکاح سے پہلے ہوتا ہے لیکن میں نے ایسا کرنے سے منع کردیا تھا، میں چاہتی تھی کہ نکاح نامے پر دستخط کرنے کے بعد ہمارا فوٹوشوٹ ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نکاح کے بعد جب میں سلیم کی طرف چلتی ہوئی آرہی ہوں تو تب انہوں نے پہلی بار (شادی کے جوڑے میں) مجھے دیکھا تھا، پھر ہم فوٹوشوٹ کے لیے پہاڑوں کی طرف روانہ ہوگئے۔‘

وائرل تصاویر پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ’تصاویر لینے کےبعد ہم دونوں پہاڑ کے بالکل کنارے پر کھڑے ہو گئے تھے، میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ گھونگھٹ کے ساتھ میری تصاویر ہوں۔‘

ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کی والدہ کی خواہش پر شادی سے قبل دعا کی تقریب رکھی گئی تھی، پھر اسی دن کی رات دوستوں نے مایوں کی تقریب رکھی، اداکارہ نے بتایا کہ ’مایوں کے بعد روزانہ ڈانس پارٹیز ہوتی تھیں، روزانہ نئے لوگ لوگ مجھ سے ملنے آتے، بچپن کے دوست، کزنز، سلیم اور میری فیملی ایک ساتھ اکھٹے ہوتے اور انجوائے کرتے، وہ لمحات بہت اچھے تھے۔‘

’شادی کے وقت ویٹر اور انگریز ڈی جے سے لے کر ہر کوئی رو رہا تھا‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے اپنی شادی کو بہت انجوائے کیا جو اکثر لڑکیاں نہیں کرتیں، میرا ساتھ بھی ایسا ہوچکا ہے کیونکہ تب میں بہت پریشان تھی، اس شادی میں بھی میں سب کچھ ہینڈل کررہی تھی لیکن اس بار میں بہت زیادہ سکون اور خوش تھی۔‘

اسی دوران ماہرہ خان نے سلیم کے ٹائیکون ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے افواہوں کو بھی مسترد کیا۔

اداکارہ نے کہاکہ ’سلیم 66 برس کا ٹائیکون نہیں ہے، پیچارا، وہ ٹائیکون بننے کے قریب بھی نہیں، لیکن انشااللہ، کیا پتہ ایک دن وہ بن جائے۔‘

ماہرہ خان نے کہا کہ رخصتی کے وقت اس وقت ہر کوئی آبدیدہ تھا، انہوں نے بتایا کہ ’میں، سلیم، اماں، اذلان، اماں، ابا سمیت سب لوگ رو رہے تھے، لیکن سب سے بہترین لمحہ وہ تھا جب میں نے دیکھا کہ بیرے (ویٹرز)، انگریز ڈی جےکے آنکھوں میں بھی آنسو تھے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ یہ شادی ان کی زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے 2 اکتوبر کو پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شادی کی تھی اور شادی کے موقع پر اداکارہ کے بیٹے اذلان بھی ان کے ہمراہ دکھائی دیے تھے۔

ماہرہ خان کی یہ دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان ہے جن کی پیدائش 2008 میں ہوئی تھی۔

ماہرہ کی شادی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز پاکستان سمیت بھارت میں بھی کافی وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد دونوں ممالک کے مداحوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات بھیجے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024