پیپلز پارٹی کا خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلوانے کے لیے عدالت جانے کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلوانے کے لیے عدالت جانے کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں مگر سینیٹ انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل پورا ہوجائے گا، ابھی بجٹ آنا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے مگر کوشش ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد والے پارلیمان کی بالادستی کے لیے بہت شور مچاتے ہیں، تمام مخصوص نشستوں میں حلف لے لیے گئے ہیں سوائے خیبرپختونخوا کے، ہم نے اسپیکر سے درخواست کی لیکن وہ سیشن نہیں بلارہے ہیں ، وہ ٹائیگر فورس کا نمائندہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے پھر گورنر سے بھی درخواست کی انہوں نے آج اجلاس بلانے کا کہا مگر اسپیکر نے نہیں بلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں آج عدالت سے رجوع کر رہی ہیں اور الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کریں گے تاکہ اجلاس بلایا جائے، خیبرپختونخوا حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آج وہ لوگ غیر قانونی حربے استعمال کر رہے ہیں حلف نا لے کر، لیکن جب ان کو تکلیف ہوتی تو ان کی تکلیف ہر صوبے میں سنائی دیتی ہیں۔
فیصل کنڈی نے کہا اسی وجہ سے آج بجٹ بھی پیش نہیں ہورہا، یہ لوگ راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کو پھر حلف لینا پڑے گا، ہم درخواست کرتے ہیں کہ آپ حلف لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین جب باہر آتے ہیں تو ڈائیلاگ مارتے ہیں اور جب اندر ہوتے ہیں تو وزیر اعظم کے پاؤں پڑ جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ تصادم نا ہو، اندر منتیں کرتے ہیں باہر کہتے ہیں کہ میں وزیر اعظم کو نہیں مانتا، ہم چاہتے ہیں کہ صوبے اور فیڈریشن میں اچھے تعلقات ہوں۔
ملک میں بڑھتی دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بار بار افغانستان کو پیغام دیا کہ آپ کی زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور اب ہم اسے اور نہیں برداشت کرسکتے، ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر اس کا مطلب نہیں کہ آپ اپنی سرزمین ہمارے دشمنوں کے حوالے کرے، اب بہت ہوگیا، اب یہ چیزیں برداشت نہیں کرنی چاہیے، اب روزانہ ہم لاشیں نہیں اٹھا سکتے، اب بات بیانات سے آگے نکل گئی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک جماعت نے افغانستان میں پاکستان کی کارروائی کی مذمت کی، انہوں نے ہمیشہ پاکستان دشمنی کے حق میں بیان دیا ہے، سائفر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سائفر کی جو فلم ہے وہ ختم ہوگئی ہے یہ بس ریمیک لانا چاہتے ہیں، یہ جب وہاں جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ نے نکالا یہاں کہتے ہیں کہ امریکا نے نکالا تھا۔
فیصل کنڈی نے کہا کہ آج 5 فرنچائز ہیں پی ٹی آئی کے، ان کا ہر وکیل اپنا بیان دیتا ہے، انہوں نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لے کر کام کیا، اب الیکشن ختم ہوگیا ہے، جس کو تحفظات ہیں وہ ثبوت اکھٹے کریں اور متعلقہ فورمز پر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کامیاب ہو گا۔
وزیر اعلٰی کے رشوت مانگنے پر اینٹ مارنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم نے کہا کہ اگر آپ رشوت مانگے گیں تو پورا ٹرک لانا پڑے گا کیونکہ جس طرح آپ نے سیاست کا آغاز وزیر اعلی بنے وہ سب کو پتا ہے۔