حماد اظہر پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اورسیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر اور جنرل سیکریٹری حماد اظہر نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا۔
حماد اظہر نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور جنرل سیکریٹری عمر ایوب کے نام لکھا اپنا استعفیٰ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہت سوچ بچار کے بعد میں نے تحریک انصاف پنجاب کی صدارت اورجنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت پارٹی کی موثر قیادت کے لیے گراؤنڈ پر موجود ہونا اور قائد عمران خان تک براہ راست رسائی ضروری ہے۔
اپنے استعفیٰ میں حماد اظہر نے مزید لکھا ہے کہ انہوں نے پارٹی کو 13 سال دیے ہیں اور وہ اب ایک کارکن کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ پیر کو حماد اظہر نے الزام لگایا تھا کہ پی پی 147 (لاہور) کے ریٹرننگ افسر نبیل احمد میمن نے ان کے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کیے۔
حماد اظہر نے کہا تھا کہ وہ پی پی 147 سے ضمنی انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس سیٹ کو حمزہ شہباز نے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے بعد چھوڑ دیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حماد اظہر 8 فروری 2024 کے انتخابات سے دستبردار ہوگئے، وہ لاہور کے حلقہ این اے 129 سے امیدوار تھے۔
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد حماد اظہر کے خلاف بھی دہشت گردی اور مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں اور وہ روپوش ہیں۔
ان کے خلاف کرپشن الزامات کے تحت محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں بھی ایک انکوائری زیر التوا ہے۔