• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

عمران خان کا انتخابی دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع، جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست

شائع March 20, 2024
—فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
—فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر

سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے غیر جانبدار حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات اور اس کے نتائج کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتی تشکیل کے اقدامات کو معطل کیا جائے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کا انعقاد ہوا تھا، تاہم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہونے کے سبب انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکی تھی اور پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا۔

عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی کُل 265 جنرل نشستوں میں سے 75 نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلزپارٹی نے 54 نشستیں حاصل کیں۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے اگرچہ سب سے زیادہ (93) نشستیں حاصل کیں لیکن انہوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں بڑی جماعتوں میں سے کسی سے بھی جماعت سے اتحاد نہیں کیا جبکہ حکومت بنانے کے لیے قومی اسمبلی کی کل 169 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

حکومت سازی پر اتفاق رائے کے بعد رہنما مسلم لیگ (ن) شہباز شریف ملک کے وزیراعظم منتخب ہوگئے جبکہ رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024