• KHI: Asr 4:26pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:42pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:42pm Maghrib 5:20pm
  • KHI: Asr 4:26pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:42pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:42pm Maghrib 5:20pm

پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیر اعظم

شائع March 18, 2024
شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے — فوٹو: اے پی پی
شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے — فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم نے میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن محمد احمد بدر شہید کے گھر ٹمن (تلہ گنگ) آمد کے موقع پر شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا، شہید کے والد کو گلے لگایا اور ان کی ہمت، حوصلے، جذبے اور استقامت کو سراہا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہدا نے جرأت اور بہادری سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، شہدا نے بہادری اور جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا اور خود شہادت کا رتبہ پایا، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہدا قوم کی دعاؤں کے مستحق ہیں، پوری قوم ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہلِخانہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کرنل (ر) قاضی بدرالدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کا حوصلہ دیکھ کر سب کو جرأت اور حوصلہ ملا ہے، کہنا بہت آسان لیکن کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، ان کی استقامت اور صبر دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔

اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اپنے بیٹے کی شہادت سے مجھے نیا حوصلہ ملا ہے، میرے بیٹے نے خود تو شہادت کا رتبہ پایا لیکن لوگوں کی جانیں بچائیں اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اب میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، میرا بیٹا اللہ کی امانت تھا جو اس نے لے لی، اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس ضرور ہے لیکن اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

شہید کے والد نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر اسکول تعمیر کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وزیراعظم میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ گئے۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

یاد رہے کہ 16 مارچ کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کے رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کے رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کے رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کے رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کے رہائشی) شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر 39 سال، رہائشی کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر 23 سال، ضلع تلہ گنگ) نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025