• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm

امیتابھ بچن نے ہسپتال میں داخل ہونے کی خبروں کی تردید کردی

شائع March 16, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

بولی وڈ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے ہسپتال میں داخل ہونے اور انجیوپلاسٹی سے گزرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

15 مارچ کی رات تھین میں انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ کے بعد اسٹیڈیم سے باہر نکلنے کے دوران انہوں نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کی۔

مختصر ویڈیو کلپ میں بھارتی پاپرازی ان کی صحت سے متعلق سوال کررہے ہیں، جس پر امیتابھ نے پہلے ہاتھ کے اشارہ سے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں بعدازاں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’فیک نیوز‘۔

امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ میچ میں شرکت کی تھی۔

اداکار کے سرجری کی خبریں کیسے وائرل ہوئیں؟

گزشتہ روز ہندوستان ٹائمز، اے بی پی لائیو اور انڈین ایکسپریس جیسے بھارت کے بڑے خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امیتابھ بچن کی 15 مارچ کو انجیوپلاسٹی کی گئی جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کردیا گیا، سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ ان کی دل کی سرجری ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جمعہ کی صبح 81 سالہ امیتابھ بچن اچانک بیمار ہوگئے تھے اور ممبئی کے ہسپتال میں انہیں داخل کرایاگیا تھا۔

تاہم کچھ رپورٹس میں ڈاکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ امیتابھ بچن کی انجیو پلاسٹی ان کی ٹانگ پر کی گئی تھی دل کی نہیں۔

خبریں وائرل ہونے کےبعد ان کے مداح بھی پریشان ہوگئے تھے اور اداکار کے لیے صحت کی دعائیں کرنے لگے تھے۔

یاد رہے کہ امیتابھ بچن نے اس سال کے شروع میں اپنی کلائی کی سرجری کروائی تھی۔

جب کہ گزشتہ سال مارچ میں وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، اس واقعے میں ان کی ایک پسلی ٹوٹ گئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا سی ٹی اسکین کیا اور آرام کا مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن نے 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، 80 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024