احسن اقبال کا آبادی میں اضافے کی شرح پر اظہار تشویش، قابو پانے کیلئے موثر اقدامات پر زور
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے آبادی کی رفتار میں 2 اعشاریہ 5 فیصد سے زائد شرح سے اضافے کے حوالے سے اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں پر زور دیاکہ وہ اس اضافے کی رفتار پر قابو پانے کے پروگراموں کومزیدموثر بنائیں۔
اسلام آباد میں محکمہ شماریات کے دفتر کے دورے کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے اعدادو شمارکو نظم و نسق بہتر بنانے، کاروبار کو فروغ دینے، معیشت مستحکم کرنے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت دیگر فریقوں کے لیے آبادی کے اعدادوشمار کو موثر انداز میں استعمال کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔
آبادی کی رفتار میں دواعشاریہ پانچ فیصد سے زائد شرح سے اضافے کے حوالے سے اظہار تشویش کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی حکومتوں پر زور دیاکہ وہ اس اضافے کی رفتار پر قابو پانے کے پروگراموں کومزیدموثر بنائیں۔