• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاکستان میں رواں سال کے پہلے پولیو کیس کی تصدیق

شائع March 14, 2024
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں پولیو کا کیس13 سال بعد سامنے آیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں پولیو کا کیس13 سال بعد سامنے آیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

قومی ادارہ صحت نے 2024 کے پہلے پولیو کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں اڑھائی سالہ بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا ہے ۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں پولیو کا کیس13 سال بعد سامنے آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 22فروری کو بخار اور کمزوری کی شکایت پر بچےکےٹیسٹ کرائےگئے جس میں بچے میں پولیو وائلڈ وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں ملک بھر کے 19 اضلاع سے اکٹھے کیے گئے 28 اور دسمبر میں کوئٹہ اور خضدار سے اکٹھے کیے گئے 2 ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) پایا گیا تھا۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار کے مطابق کوئٹہ اور کراچی ایسٹ کے سیوریج کے 4، 4، چمن، پشاور، کراچی ساؤتھ اور کراچی کیماڑی کے دو دو نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ 2 جنوری سے 16 جنوری کے درمیان کراچی کورنگی، کراچی سینٹرل، کراچی ملیر، جامشورو، سکھر، حیدرآباد، پشین، کیچ، نصیر آباد، ڈی جی خان، راولپنڈی اور لاہور سے جمع کیے گئے ایک ایک سیمپل میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان کیسز کے ساتھ 2024 میں رپورٹ ہونے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 28 ہوگئی جب کہ 2023 میں 126 نمونے مثبت پائے گئے تھے۔

پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج بیماری ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے اور بنیادی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، وائرس اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے اور بعض صورتوں میں فالج یا موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے اور صرف بار بار ویکسی نیشن ہی بچوں کی حفاظت کا سب سے مؤثر طریقہ ہے، پولیو ویکسین نے لاکھوں بچوں کو اس بیماری سے بچایا ہے، جس کی وجہ سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہو گئے ہیں، دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان اس وائرس کے متاثرہ دو ممالک ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024