سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاع پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردی کے کسی باقی عنصر کو بھی ختم کیا جاسکے۔
مقامی افراد نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مارچ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کیے جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گردوں کا سرغنہ شمروز عرف شینائے مارا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بھی کامیابی سے آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد منصور کو ہلاک کردیا۔
اس سے قبل 2 مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ ماہ 29 فروری کو بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا تھا۔