• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انتخابات کے 14 روز میں فارم 45، 47 ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے کیخلاف درخواست، الیکشن کمیشن سے جواب طلب

شائع March 6, 2024
ا— فائل/ فوٹو:اسلام آباد ہائی کورٹ ویب سائٹ
ا— فائل/ فوٹو:اسلام آباد ہائی کورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتخابات کے 14 روز کے اندر فارم 45 اور فارم47 ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے انتخابات کے بعد 14 دنوں میں فارم ویب سائٹ پر جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کی درخواست پر سماعت کی، مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے وکیل ایمان زینب مزاری عدالت میں پیش ہوئیں اور مؤقف اپنایا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق 14 دنوں میں انتخابی نتائج کے فارمز ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف فارمز ہی نہیں بلکہ تمام متعلقہ دستاویزات کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنا ہوتا ہے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوئے مگر ابھی تک متعلقہ دستاویزات اپلوڈ نہیں کیے گئے، الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز کسی حد تک فارم 45 اپلوڈ کیے اور پھر ہٹا دیے۔

عدالت نے اسی حوالے سے رہنما پاکستان تحریک انصاف شعیب شاہین کی جانب سے دائر درخواست کو ایم ڈبلیو ایم کی درخواست کے ساتھ یکجا کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے فارم اپلوڈ کرنے اور سرٹیفائیڈ کاپی کی حصول کے لیے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو درخواست دی تھی مگر دونوں جگہ سے میری درخواست پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا، الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز فارم 45 اپلوڈ کردیے اور پھر غائب کردیے، الیکشن کمیشن میری سرٹیفائیڈ کاپی مجھے دینے کا پابند ہے۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے انتخابی فارم اپلوڈ نا کرنے کے خلاف درخواست پر اعتراضات دور کر کے اسے آج سماعت کے لیے مقرر کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024