• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کرکٹرز کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے ایک بار پھر آرمی کی زیر نگرانی ٹریننگ کیمپ لگانے کا اعلان

شائع March 5, 2024
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ٹریننگ کیمپ کاکول میلٹری اکیڈمی میں لگایا جائے گا
—فائل فوٹو:پی سی بی
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ٹریننگ کیمپ کاکول میلٹری اکیڈمی میں لگایا جائے گا —فائل فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تیاریوں اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے ایک بار پھر ایبٹ آباد کاکول کی ملٹری اکیڈمی میں فوج کی زیر نگرانی تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق اس بات کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں لگائے اس بوٹ کیمپ میں قومی ٹیم کے کوچز اور ٹرینرز کے ساتھ ساتھ فوج کے تربیت کار بھی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے پر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے ایک بار پھر آرمی کے زیر نگرانی ٹریننگ کیمپ لگایا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم اور آرمی کا 10 روزہ ٹریننگ کیمپ 25 مارچ سے 8 اپریل تک لگایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کیمپ کاکول میلٹری اکیڈمی میں لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم اس سے قبل بھی فٹنس بہتر کرنے کے لیے آرمی کے ساتھ ٹریننگ کرچکی ہے، 2016 میں لگائے گئے اس ٹریننگ کیمپ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں نے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے قوم اور پاک فوج کے ٹرینر کی محنت پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

اس وقت پاکستان کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے کیمپ کے انعقاد کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ اگر میں اپنی نوجوانی میں یہاں آتا اور فوجی ٹرینر کے ساتھ کام کرتا تو شاید میری فٹنس آج سے بہتر ہوتی’۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 5 ٹی 20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، میچز لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024