• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

عوام کو سیکیورٹی دینے کے سوا فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، کور کمانڈرز کانفرنس

شائع March 5, 2024 اپ ڈیٹ March 6, 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی — فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی — فوٹو: آئی ایس پی آر

کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام کو سیکیورٹی دینے کے سوا فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا جبکہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

فورم نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششوں کے ثمرات کو مستحکم کرتے رہیں۔

فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت بھی کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، جبکہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

فورم نے عام انتخابات کے دوران انتخابی عمل کے لیے محفوظ اور پرامن ماحول پیدا کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رہنما خطوط کی روشنی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔

’مخصوص عناصر سوشل میڈیا پر مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں‘

کور کمانڈرز نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے لیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

فورم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص سیاسی عناصر سوشل میڈیا پر اور میڈیا کے کچھ حصوں کی طرف سے مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات کے ساتھ مسلح افواج کو بدنام کیا جارہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ایسے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کوپس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام اور بےیقینی کی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

فورم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔

فورم نے وفاق اور صوبوں میں اقتدار کی ہموار جمہوری منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد کا ماحول مطلوبہ سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا جس کے نتیجے میں پاکستان کے عوام میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ فورم نے اظہار خیال کیا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کی ترقی کا راستہ ہے۔

’9 مئی کے ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘

شرکا نے اس بات کی توثیق کی کہ عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے اور وہ پاکستان کے لچکدار عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔

فورم نے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کو بلند کرنے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا جس میں اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، ایک دستاویزی نظام کے نفاذ اور غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں دل کی گہرائیوں سے مدد کی فراہمی شامل ہے۔

فورم نے وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق اعادہ کیا کہ منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کے لیے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9 مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔

فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تفرقہ ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والی منظم غلط معلومات اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کے قابل فخر لوگوں پر زور دیا کہ وہ مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی خوشحالی اور ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کی طرف ہمارے سفر میں ہر ممکن طریقے سے قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ وہ آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024