آصف زرداری، بلاول بھٹو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، حکومت کی حمایت کا اعادہ
سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
’ایکس‘ پر پیپلزپارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل تھے، ملاقات میں سینیٹر اسحٰق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔
پیپلزپارٹی کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پیپلزپارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اِس موقع پر وزیرِاعظم نے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر اور عوام کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کے لیے ایک مرتبہ پھر سے موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ خادم پاکستان منتخب کرنے کے لیے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خدا کے کرم اور اپنی محنت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی خاطر دن رات کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔