• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

شائع March 1, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان پارٹی کے بلامقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق 29 فروری اور یکم مارچ کی درمیانی شب اہم پیش رفت ہوئی، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق شیڈول انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پینلز کا اعلان کردیا گیا ہے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب کے مقابلے مخالفین نے کاغذات نامزدگی واپس کرلیے ہیں۔

اسی طرح سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا چیپٹرز کے صوبائی صدور کا بھی اعلان کرلیا گیا ہے، اب صرف بلوچستان میں پارٹی صدر کے لیے انتخاب ہونا باقی ہے۔

پی ٹی آئی بلوچستان کے پینلز میں امین خان جوگیزئی پینل، داؤد شاہ پینل اور منیر احمد بلوچ پینل شامل ہیں، جن کے درمیان مقابلہ 3 مارچ 2024 کو ہوگا۔

پی ٹی آئی پنجاب کی صدر یاسمین راشد، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات ہونے والے تھے جس کے لیے متعدد رہنماؤں نے بطور پینل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

پی ٹی آئی کے وفاقی الیکشن کمشنر رؤف حسن نے ڈان کو بتایا کہ ’ان رہنماؤں میں سے اکثریت نے انتخابات سے صرف دو دن قبل کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے‘۔

الیکشن کمشنر رؤف حسن کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق چیئرمین،سیکرٹری جنرل، پنجاب، کے پی اور سندھ کے صدور کے عہدوں کے لیے صرف ایک امیدوار تھا۔

ان پانچ عہدوں کے لیے کوئی پولنگ نہیں ہوگی، بلوچستان پینل کے انتخاب کے لیے پولنگ صرف کوئٹہ میں ہو گی، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی الیکشن کمشنر حتمی نتیجے کا اعلان 3 مارچ کو کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024