• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط، بیل آؤٹ پیکج کے وقت سیاسی استحکام کو مدنظر رکھنے کی تجویز

شائع February 28, 2024
یہ خط رؤف حسن نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
یہ خط رؤف حسن نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کو خط لکھ کر ارسال کردیا جس میں پاکستان کو بیل آؤٹ پیکج دیتے وقت سیاسی استحکام کو مدنظر رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔

یہ خط بانی پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکو لکھا ہے خط کے متن میں موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت اور ان کی طرف سے یہ خط آئی ایم ایف کو بھیجا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضع کیا جاتا ہے کہ بانی چئیرمین آئی ایم ایف اور ریاست پاکستان کے مابین کسی ڈیل یا کوئی بھی ایسی سہولت جو قرضوں کی ادائیگی کے لیے مددگار ہو، اس کے درمیان نہیں آنا چاہتے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ ہم حکومت سازی، قرضوں کی ادائیگی اور قانون کی حکمرانی کے لیے آئی ایم ایف کی ڈیل کی اہمیت سے آگاہ ہیں، پی ٹی آئی آئی ایم ایف کی سہولت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی کیونکہ یہ وہ سہولت ہے جو ملک کی طویل مدتی معاشی بہبود کو فروغ دیتی ہے۔

متن میں کہا گیا کہ صرف منتخب حکومت کے ساتھ ہی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں اور پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے، پاکستان کے عوام کے اعتماد کی حامل منتخب حکومت ہی اس حوالے سے بات چیت کا اختیار رکھتی ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جب کسی ایسی حکومت کو ملک پر مسلط کیا جائے جسے عوام کی حقیقی نمائندگی حاصل نہ ہو تو اس کے پاس ملک کو چلانے کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ہوتی اور ٹیکس کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کر سکتی۔

خط میں کہا گیا کہ 8فروری کو ہونے والے الیکشن پر 50 ارب روپے کے اخراجات آئے لیکن اس میں بڑے پیمانے پر مداخلت اور ووٹوں کی گنتی اور حتمی نتیجے میں فراڈ کیا گیا، یہ فراڈ اتنا واضح تھا کہ امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک نے انتخابات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ دیگر جماعتوں کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک، دولت مشترکہ کے نگران اداروں، مقامی سول سوسائٹی کی تنظیموں اور بین الاقوامی جرائد اور الیکٹرانک میڈیا نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں دھاندلی اور فراڈ کے الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

خط میں کہا گیا کہ کہ ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس کے ساتھ ساتھ دیگر شرائط رکھی جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہدایت پر لکھے گئے خط میں عالمی ادارے سے مزید کہا گیا کہ وہ 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے اور بیل آؤٹ پیکیج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام کو مدنظر رکھے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ آئی ایم ایف تحقیقاتی ادارے کا کام کرے لیکن فافن اور پٹن کولیشن38 جیسے اداروں کے تعاون سے الیکشن کا شفاف آڈٹ کر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مطمئن کیا جا سکتا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کا ایسا کردار پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ایک بے مثال خدمت ہو گا اور یہ اقدام ملک میں پائیدار خوشحالی، ترقی اور معاشی استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024