این اے 117: عبد العلیم خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
این اے 117سے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عبد العلیم خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آزاد امیدوار ایڈووکیٹ علی اعجاز بٹر نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، ان کی درخواست میں الیکشن کمیشن ، ریٹرننگ افسر (آر او) اور دیگر امیدواروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں انہوں نے استدعا کی کہ 9 فروری کو جاری شدہ فارم 47 کو کالعدم قرار دیا جائے اور 15 فروری کو علیم خان کامیابی کا جاری کیا گیا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ تمام امیدواروں کی موجودگی میں رزلٹ مرتب کرنے کا حکم جاری کیا جائے اور عدالت الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرے۔