• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن 2024ء: قومی اسمبلی میں پہنچنے والی نامور سیاسی شخصیات

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور ایم کیو یم کے رہنماؤں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی قومی اسمبلی کے نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔
شائع February 9, 2024

عام انتخابات 2024ء میں پولنگ کا دن گزرنے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک متعدد نمایاں سیاسی شخصیات اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور ایاز صادق نے کامیابی سمیٹ لی۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری اور علی موسیٰ گیلانی کامیاب قرار پائے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، اور متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار بھی کامیاب ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گوہر علی خان، علی محمد خان، اسد قیصر اور عمر ایوب خان بطور آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔

میاں نواز شریف

اب تک کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف این اے 130 لاہور سے ایک لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے اپنی مدمقابل آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی۔

شہباز شریف

این اے 123 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 63 ہزار 953 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ شہابز شریف نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار افضل ندیم کو شکست دی۔

آصف علی زرداری

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے207 شہید بے نظیر آباد سے سابق صدر آصف زرداری ایک لاکھ 46 ہزار ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ آصف علی زرداری نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند کو شکت دی۔

مولانا فضل الرحمٰن

این اے 265 پشین کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن 52 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے مدمقابل پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ خوشحال کاکڑ کو شکست دی۔

مریم نواز شریف

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز نے 83 ہزار 855 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔ مریم نواز نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار شہزاد فاروق کو شکست دی۔

بلاول بھٹو زرداری

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 194 لاڑکانہ سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک لاکھ 31 ہزار 217 ووٹ لے کر جیت گئے۔ بلاول بھٹو نے اپنے مدمقابل جمعیت عملائے اسلام کے ناصر محمود کو شکست دی۔

حمزہ شہباز

قومی کے اسمبلی کے حلقہ این اے 118 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز نے ایک لاکھ 5 ہزار ووٹ حاصل کرکے فتح سمیٹی۔ حمزہ شہباز نے اپنی مد مقابل آزاد امیدوار عالیہ حمزہ کو شکست دی۔

علی موسیٰ گیلانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 151 ملتان سے 79 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ علی موسیٰ گیلانی نے آزاد امیدوار مہربانو قریشی کو شکست دی۔

گوہر علی خان

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 10 سے آزاد امیدوار گوہر علی خان ایک لاکھ 10 ہزار 23 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ گوہر علی خان نے اے این پی کے عبد الرؤف کو شکست دی۔

علی محمد خان

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 23 مردان سے آزاد امیدوار علی محمد خان نے ایک لاکھ 2 ہزار 175 ووٹ لے کر فتح سمیٹی۔ انہوں نے اے این پی کے احمد خان کو شکست دی۔

عمر ایوب

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 18 ہری پور سے ایک لاکھ 92 ہزار 984 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان کو شکست دی۔

اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے والے اسد قیصر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی سے ایک لاکھ 15 ہزار 635 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے فضل علی کو شکست دی۔

ڈاکڑ فاروق ستار

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار این اے 244 کراچی سے 20 ہزار 448 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، انہوں نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار آفتاب جہانگیر کو شکست دی۔