تھامس باخ عالمی اولمپک کمیٹی کے نئے صدر

بیونس آئرس: جرمنی کے تھامس باخ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
انسٹھ سالہ مشہور وکیل اور سابق گولڈ میڈلسٹ تھامس نے جیکس راج کی جگہ سنبھال لی، راج گزشتہ بارہ برس سے آئی او سی میں بطور صدر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔
تھامس باچ نے صدارتی عہدہ پانے کیلئے مدمقابل پانچ امیدواروں کو شکست دی جہاں ان کا سب سے سخت مقابلہ اپنے کویتی حریف سے تھا۔
آئی او سی کا 125 واں اجلاس بیونس آئرس میں منعقد ہوا جس میں صدارتی انتخابات سمیت کئی اہم فیصلے بھی ہوئے۔
صدارتی عہدے کیلئے چھ امیدوار میدان میں اترے اور جرمنی کے تھامس باچ نے 49 ووٹ حاصل کر کے بازی اپنے نام کی اور آئی او سی کے نئے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
تھامس باچ نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی او سی کا صدر منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے اور اس پر وہ دوستوں اور پرستاروں کے شکر گزار ہیں، میری اولین ترجیح آئندہ برس شیڈول سوچی ونٹر گیمز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ذمے داری کا بخوبی احساس ہے اور میں اپنے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے توقعات پر پورا اترنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔