• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی میں موسلادھار بارش، کئی علاقے زیر آب، بجلی کا نظام درہم برہم

شائع February 3, 2024 اپ ڈیٹ February 4, 2024
کراچی میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا— فوٹو: ڈان نیوز
کراچی میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی غائب ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں صبح سے ابر آلود موسم کے بعد آج شام سے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور شہر کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔

کراچی کے علاقوں گارڈن، گرومندر، صدر، کیماڑی اور آئی آئی چندریگر روڈ، بلدیہ، ہاکس بے، نارتھ کراچی اور لیاقت آباد میں تیز بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، گلسشن معمار، ملیر، بحریہ ٹاؤن، بہادرآباد، شارع فیصل ، منگھوپیر، اورنگی ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے اور کئی گھنٹوں سے وہاں بجلی بند ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔

ترجمان نے کہا کہ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے جبکہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے بھی دور رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے موسم میں غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور بجلی بند کی جا سکتی ہے، کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ پر ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ اندرون سندھ بھی کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

اندرون سندھ حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، سانگھڑ، جیکب آباد، نوشہروفیروز، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر شہروں اور اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

نوشہروفیروزاور گردونواح میں بارش بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ سانگھڑ شہر اور گرد ونواح میں کہیں ہلکی اور کہیں تیزبارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

جامشورو میں تیز بارش سے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024