کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
کراچی میں آج شام اور رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم آج شام بلوچستان سے سندھ میں داخل ہوگا، مغربی سسٹم کے سندھ میں داخلے سے بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شہرِ قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر قائد میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے، حیدرآباد، سکھر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے ضلع دادو اور اس کے قریبی علاقوں میں بھی رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے بعد بجلی کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ہیں ساتھ ہی سوئی گیس کی سپلائی بھی منقطع ہوگئی ہے، سانگھڑ اور اس کے قریبی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے، پاراچنار شہر اور پہاڑوں پر مسلسل برفباری سے مکانات، درخت اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئے ہیں۔ْ
صوبہ بلوچستان میں چمن کے قریبی شہر مسلم باغ اور کان مہترزئی میں برفباری سے پہاڑ اور درخت برف سے سفید ہوگئے ہیں، زیارت میں بھی وقفے وقفے سے جاری برفباری کے بعد پہاڑوں، درختوں اور سڑکوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، زیارت میں شدید برفباری کے بعد سنجاوی زیارت شاہراہ عام ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
جعفرآباد کے شہر ڈیرہ اللہ یار اور قریبی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے، اس کے علاوہ جھل مگسی میں مسلسل بارش سےگنداواہ نوتال سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جبکہ خضدار، گوادر، پسنی اور لسبیلہ میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب مری ،گلیات اور گردو نواح میں آج موسم سرد اور ابر آلود ہے اور درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 1 تک ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے آج سے ایک بار پھر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔