پی ڈی ایم دور حکومت میں سرکاری رہائش گاہوں کی جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دور حکومت کے دوران سرکاری مکانات کی غیر قانونی اور جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کی انکوائری رپورٹ کے مطابق وزارت کا ڈپٹی ڈائریکٹر مکانات کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا ذمہ دار قرار پایا ہے۔
پی ڈی ایم کے دور حکومت میں اسلام آباد میں سرکاری مکانات کی جعلی اور غیر قانونی الاٹمنٹ میں وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے اسٹیٹ آفس کا ڈپٹی ڈائریکٹر ملوث پایا گیا ہے۔
وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کی انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نے 915 سرکاری مکانات کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی، ملزم نے مکانات کی الاٹمنٹ سکیٹر آئی ایٹ ون، جی سیون ٹو اور دیگر سیکٹرز میں کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم گریڈ 18 میں ہوتے ہوئے گریڈ 20 میں تعینات ہونے والے ڈائریکر جنرل کے غیر قانونی اختیارات استعمال کرتا رہا ہے۔
رپورٹ کی بنیاد پر ڈپٹی سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس نے ملزم کو غیر قانونی الاٹمنٹ کی بنا پر نوکری سے برخاست کردیا جب کہ وزرات ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے محمد ایوب کی برخاستگی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔