• KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm
  • KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm

بھارت: مسجد کی زمین پر تنازع، ہندوؤں کو عبادت کی اجازت

شائع January 31, 2024
گیانواپی مسجد۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
گیانواپی مسجد۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی ایک عدالت نے واراناسی شہر کی متنازع گیانواپی مسجد میں ہندوؤں کو عبادت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گیانواپی مسجد ان متعدد اسلامی عبادت گاہوں میں سے ایک ہے جسے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پارٹی کے حمایت یافتہ ہندو انتہا پسند کئی دہائیوں سے اپنے مذہب کے لیے دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس مسجد کو 17ویں صدی میں مغل سلطنت نے ایک ایسے شہر میں تعمیر کیا تھا جہاں ملک بھر سے ہندو مذہب کے پیروکار اپنے پیاروں کو دریائے گنگا کے کنارے جلاتے ہیں۔

واراناسی کی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ ہندو عبادت گزار اس مسجد کے بیسمینٹ میں عبادت کر سکتے ہیں، ہندوؤں کا یہ ماننا ہے کہ یہ مسجد شیو دیوتا کے تباہ شدہ مندر کی جگہ تعمیر کی گئی ہے۔

عدالتی کے فیصلے نے ضلعی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے اگلے 7 دنوں کے اندر مناسب انتظامات کریں۔

یہ فیصلہ گیانواپی مسجد کے مستقبل پر طویل عرصے سے جاری قانونی کارروائی میں نیا اضافہ ہے۔

اس ماہ بھارت کی سرکاری آثار قدیمہ کی ایجنسی نے کہا تھا کہ مقامی خبروں کی رپورٹوں کے مطابق اس جگہ کا سروے اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ مقام اصل میں ایک مندر تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں شہید بابری مسجد کے مقام پر ’ متنازع رام مندر’ کا افتتاح کیا تھا۔

رام مندر کو اس مقام پر تعمیر کیا گیا ہے جہاں صدیوں سے قائم مسجد کو 1992 میں بھارتی وزیر اعظم کی جماعت سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسندوں نے شہید کردیا تھا۔

یاد رہے کہ مسجد کو شہید کرنے کے واقعے نے بھارت میں بدترین مذہبی فسادات کو جنم دیا تھا جس کے نتیجے میں 2 ہزار افراد مارے گئے تھے، مرنے والوں میں زیادہ تر مسلمان شامل تھے، اس واقعے نے بھارت کے نام نہاد سرکاری سیکیولر سیاسی نظام کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

نریندر مودی کی پارٹی اراکین بھارت میں مغل بادشاہوں کے دور میں مسلم حکمرانی کی تاریخ کو غلامی کے زمانے سے تشبیہ دیتے ہیں۔

2014 میں نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بھارت میں ہندو بالادستی کو قائم کرنے کے مطالبات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے یہاں بسنے والے تقریباً 21 کروڑ مسلم اقلیت اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025