بیٹا 10 ماہ بعد میری پسند کی لڑکی سے شادی کے لیے راضی ہوا، صبا فیصل
سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے چھوٹے اداکار ارسلان فیصل ان کی پسند کی لڑکی سے شادی کے لیے 10 ماہ بعد رضامند ہوئے۔
صبا فیصل نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کھل کر چھوٹے بیٹے کی شادی کی داستان بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ ارسلان کی دلہن اسی عمارت مین رہائش پذیر تھیں، جس میں ان کا گھر تھا جب کہ بہو کی والدہ سے ان کی اچھی دوستی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بہو کی والدہ نے ایک دن ان سے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے رشتہ ڈھونڈ رہی ہیں، اگر ان کے پاس کوئی اچھا رشتہ ہو تو انہیں بتائیں، جس پر انہوں نے اپنے بیٹے کا ذکر کیا۔
صبا فیصل کے مطابق ایسے ہی انہوں نے بیٹے کا رشتہ طے کیا اور پھر جب وہ بہو کو دیکھنے گئیں تو بہو کے ہاتھ میں تفسیر کی کتاب تھی اور انہوں نے دیکھتے ہی انہیں پسند کرلیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کو بتایا کہ انہیں دلہن پسند آگئی ہے، وہ بھی انہیں دیکھ کر اپنی رضامندی سے متعلق آگاہ کریں، جس پر بیٹے نے حامی بھری لیکن انہوں نے بتانےمیں 10 ماہ لگائے۔
صبا فیصل کے مطابق بیٹے نے 10 ماہ بعد ان کی ہی پسند کی لڑکی سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی اور بیٹے نے منگنی کےدن پہلی بار اپنی ہونے والی دلہن کو دیکھا، اس سے قبل صرف ان سے فون پر باتیں کرتے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی چھوٹی بہو ڈاکٹر ہیں، وہ پہلے چائلڈ اسپیشلسٹ تھیں، اب وہ امراض نسواں کی ماہر ڈاکٹر بننا چاہ رہی ہیں اور وہ ان کے کہنے سے پہلے ہی انہیں پسند آنے والے کام کرتی ہیں اور وہ بہت خوش ہیں۔
صبا فیصل نے بتایا کہ ان کے بڑے بیٹے سلمان نے پہلے لڑکی پسند کی تھی اور بعد میں انہوں نے بیٹے کی پسند کو اپنایا لیکن چھوٹے بیٹے کے لیے پہلے انہوں نے دلہن پسند کی اور بیٹے نے ان کی پسند کو اپنایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پسند کی شادیاں بھی اچھی ہوتی ہیں لیکن والدین کی مرضی سے کی جانی والی شادیاں بہت اچھی ہوتی ہیں، کیوں کہ والدین تجربے کی بنیاد پر اپنے بچوں کے لیے شریک حیات تلاش کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ارسلان فیصل کی شادی دسمبر 2023 میں ہوئی تھی۔