ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہوگا، انوار الحق کاکڑ
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ترقی کا عمل تیز کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہوگا۔
ڈیووس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے، ایک بڑی آبادی کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونا بھی ٹیکنالوجی کا ایک مسئلہ ہے، سب کے پاس ٹیکنالوجی کا حصول ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے ٹیکنالوجی تمام افراد تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے، اس کی سہولت نا ہونے کے نقصانات ہیں، جن کے پاس ٹیکنالوجی تک رسائی نہیں ہے وہ 21ویں صدی کی سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے ہیں۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ہم تمام ممالک تک یہ سہولیات نہیں پہنچائیں گے تب تک نا صرف نئے تنازعات جنم لیں گے بلکہ موجودہ تنازعات مزید سنگین ہوتے چلے جائیں، مجھے لگتا ہے کہ اس مسئلے پر بات ہونی چاہیے۔