• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

احسن خان کا نیلم منیر کے ساتھ شادی کی افواہوں پر ردعمل

شائع January 15, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکار و میزبان احسن خان نے اداکارہ نیلم منیر کے ساتھ اپنی شادی کی افواہیں پھیلانے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی لڑکی کے ساتھ کسی لڑکے کا نام جوڑنا باعث شرم ہوتا ہے۔

احسن خان نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات سمیت اپنی شادی اور اداکارہ نیلم منیر سے تعلقات پر بھی کھل کر بات کی۔

احسن خان نے بتایا کہ ان کی شادی کو 16 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان کے چار بچے ہیں، جن میں سے دو بیٹیاں ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ ان کی پڑوسن تھی اور ان کے خاندان کے اہلیہ کے خاندان سے دیرینہ تعلقات تھے، جس وجہ سے ان کی شادی خاندان کی مرضی سے بھی ہوئی تو پسند کی شادی بھی کہلائی۔

دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مذہب اسلام میں اس کی اجازت ہے لیکن وہ اجازت بھی مشروط ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ انہیں دوسری شادی کی ضرورت ہے جب کہ دوسری شادی ضرورت کے تحت کرنی چاہئیے۔

ساتھ ہی انہوں مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن کسی بھی شخص کا ارادا بدلتے دیر نہیں لگتی۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ دوسری شادی کرنے والا شخص اپنی پہلی بیوی اور بچوں کے ساتھ مخلص نہیں ہوتا، وہ ان کے بجائے صرف اپنا سوچتا ہے، اس لیے وہ دوسری شادی کرتا ہے۔

انہوں نے اپنی گوری رنگت کے حوالے سے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی گوری رنگت کے مالک تھے، انہوں نے 12 سال کی عمر میں شوبز میں کام کرنا شروع کیا اور انہوں نے پہلی بار 18 برس کی عمر میں فلم میں کام کیا۔

نیلم منیر سے شادی اور تعلقات کی افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بات معیوب لگتی ہے کہ لوگ ان کی اور نیلم منیر کی شادی کی افواہیں پھیلاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں نے متعدد ڈراموں اور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور شوز میں بھی ایک ساتھ شرکت کرتے رہے ہیں تو لوگوں کو ان کی جوڑی پسند آتی ہے اور اسی بنیاد پر ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکن انہیں ایسی افواہیں سن کر حیرانگی ہوتی ہے اور انہیں شرم بھی آتی ہے کہ ان کا نام کسی لڑکی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔

احسن خان کے مطابق لوگوں کو کسی بھی لڑکے کا نام کسی لڑکی کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہئیے، کیوں کہ اس سے لڑکی کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ نیلم منیر کے ساتھ شادی کی افواہوں پر شاید انہیں اتنا مسئلہ نہ ہو، جتنا اداکارہ کو ہوتا ہوگا، کیوں کہ لڑکوں کو ایسی باتوں سے زیادہ پریشانی نہیں ہوتی لیکن لڑکیوں کے لیے بہت سارے مسائل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے نیلم منیر کے ساتھ اپنی شادی کی افواہیں پھیلانے کی بات کو نامناسب اور شرمناک قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024