• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

دنیا بھر میں وزن کم کرنے والی غیر محفوظ ادویات کا استعمال بڑھ گیا، تحقیق

شائع January 11, 2024
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

اپنی نوعیت کی منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں بالغ اور نوعمر افراد کی جانب سے وزن کم کرنے کے لیے غیر محفوٖظ ادویات کا استعمال بڑھ چکا اور تقریبا ہر 10 میں سے ایک نوعمر ایسی ادویات استعمال کرنے لگا ہے۔

طبی جریدے جاما نیٹ ورک میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے دنیا کے متعدد ممالک میں ہونے والی تحقیقات کا مطالعہ کرنے کے بعد پتا لگایا کہ دنیا بھر میں وزن کو کم کرنے کے لیے مختلف ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوگیا اور عام لوگ ڈاکٹروں کی ہدایات کے بغیر ہی ایسی ادویات کا استعمال کر رہے ہیں۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے امریکا سمیت دیگر ممالک کی 90 تحقیقات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر ماہرین نے 6 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کو دیکھا۔

مذکورہ افراد میں بہت بڑی تعداد نو عمر افراد کی بھی تھی، جن کی عمریں 18 سال سے کم یا پھر 18 سال تک ہی تھیں۔

ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر کے لوگ وزن کم کرنے کے مختلف مارکیٹ میں دستیاب مختلف ادویات استعمال کر رہے ہیں اور حیران کن طور پر زیادہ تر افراد ڈاکٹروں کی تجویز کے بغیر ہی ایسی ادویات استعمال کرتے دکھائی دیے۔

تحقیق کے مطابق مجموعی طور دنیا بھر کے 6 فیصد نو عمر افراد ڈاکٹروں کی تجویز کے بغیر ہی وزن کم کرنے والی مختلف ادویات اور خصوصی طور پر گولیاں استعمال کر رہے ہیں۔

ڈیٹا کے مطابق نو عمر افراد میں زیادہ تر لڑکیاں وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کر رہی ہیں جو کہ خطرناک ہے، کیوں کہ وہ سب ڈاکٹروں کی تجاویز کے بغیر ہی ادویات کو استعمال کر رہی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے 2022 میں بتایا تھا کہ دنیا بھر میں 40 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہیں اور امریکا سمیت یورپی ممالک میں تیزی سے بچے اور نوعمر افراد موٹاپے کا شکار بن رہے ہیں۔

عام طور پر وزن کم کرنے والی ادویات کو بچوں کو استعمال نہیں کرنے دیا جاتا، کیوں کہ ان کے استعمال سے ڈپریشن بڑھنے سمیت دیگر صحت کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں لیکن اب تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر کے نوعمر افراد ڈاکٹروں کی تجویز کے بغیر ہی ایسی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024