’تائیوان پر سمجھوتہ نہیں کریں گے‘، چین کی امریکا کو تنبیہ
چین نے تائیوان پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکا کو خود مختار جزیرے میں فوجی امداد کی فراہمی بند کر نے کی تنبیہ دے دی ہے جہاں چند روز میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کی سرزمین کا حصہ ہے اور وہ ایک دن اس پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
تائیوان میں ہونے والے عام انتخابات پر بیجنگ اور امریکا کے پالیسی سازوں نے گہری نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ اس کے نتائج تائیوان کے چین کے ساتھ تعلقات کو مستقبل میں متاثر کریں گے۔
چینی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق پیر اور منگل کو پینٹاگون میں اس سال کے پہلے دفاعی مذاکرات میں چینی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ واشنگٹن تائیوان کو مسلح کرنا بند کرے اور تائیوان کی آزادی کی مخالفت کرے۔