• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’ویلکم‘ میں اکشے کمار کے ملازموں سے بھی کم معاوضہ دیا گیا، مشتاق خان

شائع January 8, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی 2007 کی کامیاب فلم ’ویلکم‘ میں بلو کا کردار ادا کرنے والے سینیئر بولی وڈ اداکار مشتاق خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم میں کام کرنے کا معاوضہ اکشے کمار ے ملازمین سے بھی کم دیا گیا۔

مشتاق خان نے ویلکم فلم میں نانا پاٹیکر کے خاص کارندے بلو کا کردار ادا کیا تھا جو ہر وقت نانا پاٹیکر سے ملنے آنے والے افراد کو ہاکی اسٹک کے ساتھ اپنی ٹوٹی ٹانگیں دکھا کر انہیں نانا پاٹیکر سے ڈرانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

حال ہی میں مشتاق خان نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے حیران کن انکشاف کیا کہ انہیں اکشے کمار کے ملازمین میں سے بھی کم معاوضہ دیا گیا۔

مشتاق خان نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں انہیں اس ہوٹل پر کمرہ دیا گیا، جہاں اکشے کمار کے ملازمین کو رکھا گیا تھا۔

ان کے مطابق وہ خود اپنے ٹکٹ سے اکانامی کلاس سے دبئی سفر کرکے پہنچے تھے اور انہیں اکشے کمار تو دور کی بات ہے، انہیں ان کے ملازمین سے بھی کم معاوضہ ملا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مشتاق خان کا کہنا تھا کہ بولی وڈ میں بدقسمتی سے اسٹارز پر لاکھوں اور کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں لیکن دوسرے اداکاروں کو اہمیت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تو ایسے شخص ہیں کہ انہیں جہاں ٹھہرنے کے لیے کہا جائے گا، وہیں رکیں گے، وہ خود ٹکٹ لے کر شوٹنگ کی جگہ پر پہنچ جائیں گے۔

مشتاق خان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا صرف ’ویلکم‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوا لیکن باقی منصوبوں میں کام کرنے کے دوران انہیں عزت دی گئی۔

مشتاق خان نے یہ نہیں بتایا کہ اکشے کمار کے ملازمین کو کتنا معاوضہ دیا گیا تھا اور انہیں کتنے پیسے ملے تھے لیکن انہوں نے میزبانوں کے سوال پر بتایا کہ ہوسکتا ہے انہیں اکشے کمار کے ملازمین سے بھی کم پیسے دیے گئے ہوں۔

مشتاق خان سے قبل دیگر متعدد اداکار اور اداکارائیں بھی بولی وڈ میں معاوضوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر بات کر چکی ہیں، زیادہ تر اداکاروں کو شکوہ ہوتا ہے کہ بڑے اسٹارز کو بہت زیادہ جب کہ معاون اداکاروں کو انتہائی کم معاوضہ دیا جاتا ہے۔

عام طور پر اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے اداکاروں کا ایک فلم کا معاوضہ 15 سے 25 کروڑ روپے تک ہوتا ہے، تاہم حالیہ سالوں میں ان کے معاوضوں میں بے تحاشہ اضافے کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔

اسی طرح بولی وڈ کی بڑی اداکارائوں دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کا ایک فلم کا معاوضہ 8 سے 12 کروڑ روپے تک ہوتا ہے، تاہم حالیہ وقت میں ان کے معاوضے میں بھی بے تحاشہ اضافے کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024