• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شیخ رشید کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

شائع January 2, 2024
شیخ رشید کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ پیش ہوئے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ پیش ہوئے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی کے حلقے این اے 56 سے سابق وفاقی وزیر و سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے الیکشن اپیلیٹ ٹریبونل میں شیخ رشید کی اپیل پر جسٹس مرزا وقاص رؤوف نے سماعت کی، شیخ رشید کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیخ رشید پر الزام ہے کہ ان کے ذمہ فارسٹ ریسٹ ہاؤس مری کے پیسے بقایا ہیں حالانکہ وہ اس ریسٹ ہاؤس میں کبھی ٹھہرے ہی نہیں، جعلی بل بنا کر کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ دوسرا الزام ہے کہ انہوں نے پراپرٹی ظاہر نہیں کی، یہ الزام بھی بے بنیاد ہے، ریوینیو ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرکے ایک جعلی فرد تیار کیا گیا۔

دریں اثنا عدالت نے اپیل باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 4 جنوری کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز (یکم جنوری) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کیا گیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق تحریری فیصلہ حلقہ این اے 56 کے ریٹرننگ افسر نظارت شاہ نے جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی پر عائد اعتراضات درست ثابت ہونے پر کاغذات مسترد کیے جاتے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ شیخ رشید پر اراضی میں گھپلے، ڈیفالٹر، انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کا الزام ثابت ہوا ہے۔

تحریری فیصلے میں بتایا گیا تھا کہ لہذا الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 62 (9)(سی) کی خلاف ورزی کی گئی، حقائق کی روشنی میں امیدوار ایک درست نامزد امیدوار کے طور پر اہل نہیں ہے۔

فیصلے کے مطابق شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی کے فارم-بی میں اپنے اثاثوں اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

تحریری فیصلے میں مزید بتایا گیا تھا کہ امیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے گئے، حلف نامے کے پیرا (U) کی تعمیل کرنے میں بھی ناکام رہا ہے، امیدوار نے ریسٹ ہاؤس چارجز کی ادائیگی بھی نہیں کی۔

بعدازاں آج وزیر شیخ رشید نے راولپنڈی کے حلقے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024