مالی سال 2021 کے مقابلے 2022 میں کس ادارے نے کتنا منافع کمایا؟ تفصیلات جاری
وفاقی وزارت خزانہ نے مالی سال 2021 کے مقابلے میں 2022 میں اداروں کو ہونے والے منافع کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی(او جی ڈی سی ایل) کا منافع 2022 میں 91 ارب 53 کروڑ سے برھ کر 133 ارب 78کروڑ روپے ہوگیا، پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) کا منافع 29 ارب 13 کروڑ سے بڑھ کر 86 ارب 22 کروڑ روپے ہوا، پاک عرب ریفائنری کا منافع 8 ارب سے بڑھ کر 68 ارب71 کروڑ روپے ہوگیا۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 2022 میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کا منافع 53 ارب 54 کروڑ روپے رہا، نیشنل پاور پارکس منیجمنٹ کا منافع بڑھ کر 33 ارب 33 کروڑ روپے ہوا، نیشنل بینک کا منافع 29 ارب روپے سے بڑھ کر31 ارب روپے ہوگیا۔
وازارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کا منافع بڑھ کر 22 ارب 15 کروڑ روپے ہو گیا، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیوٹ لمیٹڈ کا منافع 21 ارب 26 کروڑ روپے رہا، مالی سال 2022 میں واپڈا کا منافع 19 ارب 44 کروڑ روپے رہا جبکہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی) کا منافع 16 ارب 56 کروڑ روپے رہا۔