• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

کراچی: سال نو پر ہوائی فائرنگ سے 3 سالہ بچی جاں بحق

شائع January 1, 2024
پورا علاقہ کئی گھنٹوں تک فائرنگ سے گونجتا رہا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پورا علاقہ کئی گھنٹوں تک فائرنگ سے گونجتا رہا — فائل فوٹو: اے ایف پی

شہر قائد کے علاقے کورنگی میں سال نو کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کی زد میں 3 سال بچی جاں بحق ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق نئے سال کی آمد پر ہر سال کی طرح اس سال بھی پورا شہر شدید فائرنگ کی آوازوں سے کئی گھنٹوں تک گونجتا رہا۔

اسی فائرنگ سے کورنگی زمان ٹاؤن میں گھر کے صحن میں جھولے میں لیٹی تین سالہ ثانیہ سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئی جو دوران علاج چل بسی۔

بچی کے والد مزمل نے بتایا کہ اکلوتی بیٹی ثانیہ، گھر کے صحن میں جھولے پر لیٹی ہوئی تھی اور اس کی والدہ سامان لینے محلے کی دکان پر گئی ہوئی تھیں، اس دوران محلے میں شدید فائرنگ ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ثانیہ نے جب جھٹکے لینا شروع کیے تو اس کی والدہ نے اسے جاکر دیکھا تو بچی کے سر سے خون نکل رہا تھا اور کسی کی وقتی خوشی نے میرا گھر اجاڑ دیا۔

پورا علاقہ کئی گھنٹوں تک فائرنگ سے گونجتا رہا اور علاقہ مکین فائرنگ کے دوران خوف میں مبتلا رہے۔

پڑوسی یوسف کا کہنا تھا کہ ہم گھر کی تمام کھڑکیاں، دروازے بند کرکے بیٹھ گئے تھے، خوف آرہا تھا کہ کسی کو گولی نہ لگ جائے۔

ثانیہ کے اہلخانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کا گھرانہ نہ اجڑے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024