• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

آئی جی پنجاب کو عمر ڈار کی بازیابی سے متعلق آج ہی پیش ہوکر جواب جمع کروانے کا حکم

شائع January 1, 2024
درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سماعت کی—فائل فوٹو: فیس بک/عمر ڈار
درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سماعت کی—فائل فوٹو: فیس بک/عمر ڈار

لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو سابق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے بھائی عمر ڈار کی بازیابی سے متعلق آج ہی پیش ہو کر جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

عمر ڈار کے مبینہ اغوا کے خلاف اُن کی والدہ ریحانہ ڈار کے جانب سے دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کل ہماری ہوٹل مالک سے ملاقات ہوئی ہے، وہ ہمیں سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہوٹل مالک سے کہا ہمیں فوٹیج دیں تو انہوں نے کہا کہ میرا ہوٹل بند ہو جائے گا، ہوٹل مینیجر کی ویڈیو میرے پاس ہے، وہ اقرار کر رہا ہے کہ پولیس ہوٹل میں آئی اور عمر ڈار کو گرفتار کیا۔

دریں اثنا عدالت نے آئی جی پنجاب کو عمر ڈار کی بازیابی سے متعلق آج ہی پیش ہو کر جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں، والدہ عمر ڈار

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچوں کو گرفتار کر لو، بیان دلوا لو لیکن میں آج بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ریحانہ ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف نے میرے کاغذات مسترد کرنے والےآر او کی پرموشن کروا دی، خواجہ آصف کہتا ہے کہ اس نے میرے سر پر دوپٹہ رکھا لیکن اس نے اِس ماں کے لیےکیا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بدمعاشی پہلے نہیں تھی، اب کیوں؟ یہ سب کچھ اس لئے کیا جارہا ہے کہ میں الیکشن نہ لڑ سکوں، میں خواجہ آصف کو ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کو گرفتار کر لو، بیان دلوا لو لیکن میں آج بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ہمارے گھر کی خواتین عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑی ہیں، بیٹی عمر ڈار

دریں اثنا عمر ڈار کی بیٹی نے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے میرے بابا کو اغوا کیا گیا اُس پر پنجاب پولیس کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، میرے چچا کو بھی پکڑا اُن سے بیان لیا گیا، میرے بابا سے بھی بیان دلوا لو، میرے گھر کی تمام خواتین بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گھر کی خواتین بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، میری دادی الیکشن لڑیں گی، ہم اپنی دادی کے لیے مہم چلائیں گے۔

پسِ منظر

واضح رہے کہ 30 دسمبر کو پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق پارٹی رہنما عثمان ڈار کے بھائی عمر ڈار کو لاہور سے مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں عمر ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے کہا تھا کہ انہیں ابھی لاہور سے اپنے بیٹے کے اغوا کی اطلاع ملی ہے، انہوں نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ میں عمر ڈار کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی تھی، درخواست میں پنجاب پولیس کے سربراہ اور سی سی پی او لاہور جیسی اہم شخصیات کو فریق نامزد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی عثمان ڈار کی والدہ نے ویڈیو کے ذریعے الزامات لگائے تھے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے 20 لوگ ان کے گھر بھیجے تھے جنہوں نے انہیں زد و کوب کیا تھا۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا تھا کہ پولیس ان کے گھر وارنٹ گرفتاری کے بغیر گھسی اور خواجہ آصف کی ایما پر ہی 9 مئی کو ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔

ان الزامات پر خواجہ آصف نے عثمان ڈار اور ان کی والدہ ریحانہ ڈار کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024